کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی ایک بار پھر کرکٹ کمیٹی کو فعال کررہا ہے جس میں کرکٹ کے پالیسی فیصلے کرکٹرز کریں گے۔ مصباح الحق کوکرکٹ کمیٹی کے سربراہ بنایا جارہا ہے۔ وہ چیئرمین کی مشیر کی حیثیت سے اعزازی طور پر کام کریں گے ، ان کی مشاورت سے نئی سلیکشن کمیٹی بنائی جارہی ہے۔ احسان مانی دور میں کرکٹ کمیٹی کا کردار رسمی تھا لیکن اب کرکٹرز کو کرکٹ کے معاملات دیے جائیں گے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا کہ کہ مصباح الحق نے مشیر کی حیثیت سے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، ان کے ساتھ کرکٹ کمیٹی میں سابق کرکٹرز کو شامل کیا جائے گا، جو مستقبل قریب میں بورڈ کے اہم فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ مصباح الحق صرف پاکستان میں کرکٹ امور ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بورڈ کی معاونت کریں گے ، آئی سی سی اجلاس میں بھی بورڈ کی نمائندگی کریں گے۔ نئی سلیکشن کمیٹی کے سوال پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اس معاملے پر فیصلہ کریں گے جس کے بعد آئندہ چند روز میں کوئی تقرری عمل میں آسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ تنخواہ دار ملاز نہیں ہوں گے۔ مصباح میڈیا کیلئے کام کرتے رہیں گے اور ویٹرنز لیگ میں بھی حصہ لیتے رہیں گے۔ احسان مانی کے دور میں مصباح الحق با اختیار ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر تھے۔ دو سال پہلے49 سالہ مصباح کو رمیز راجا نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹادیا تھا۔