کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے کھلاڑیوں کے بھارت میں سفر کیلئے مقامی ایئر لائن سے ٹکٹ بک کرالیے۔ ٹیم واہگہ بارڈر سے 31جولائی کو امرتسر اور وہاں سے چنئی پہنچے گی۔ ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کے ساتھ کوچز محمد ثقلین، ریحان بٹ، حسیم خان اور دلاور حسین کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ کنسلٹنٹ شہناز شیخ کے ویزے کیلئے درخواست دیکر اس حوالے سے عالمی ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام اور ایشین ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 18کھلاڑیوں، چار کوچز اور ٹیم منیجر کرنل( ر ) عمر صابر کے ویزے مل گئے ہیں۔ دریں اثنا ٹیم کنسلٹنٹ سابق ہاکی اولمپئن شہناز شیخ نے ہاکی کیمپ میں اپنی ذمے داری سنبھال لی۔ خیال رہے کہ کیمپ میں عاشورہ کے سبب جمعے اور ہفتے کو پریکٹس نہیں ہوگی۔