• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم نامزدگی پر حکمران اتحاد کے ہاں جوتیوں میں دال بٹنے لگی‘ پی ٹی آئی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اسحٰق ڈار کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی کے معاملے پر حکمران اتحاد کے ہاں جوتیوں میں دال بٹنے لگی ہے، مل جل کر 15 ماہ تک قوم اور معیشت کو بھنبھوڑنے والے مجرم آئندہ اقتدار میں اپنا حصہ پانے کیلئے باہم دست و گریباں ہیں۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اقتدار کے بھوکوں کا یہ ریوڑ اندرونی طور پر تقسیم در تقسیم کا شکار ہورہا ہے۔ فنا کا یقین ان سب کا مشترک خوف ہے جو ماضی کے طرح مستقبل میں بھی انہیں کسی طاقتور کی ”کھونٹی“ سے باندھ رکھے گا۔ ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مجرموں کے سرکس کی نہیں قوم صاف، شفاف اور قابل اعتبار انتخابات کی محتاج ہے، ساکھ اور اہلیت کا حامل غیرجانبدار نگران سیٹ اپ قائم کیا جائے اور انتخاب کو سازش و انجینئرنگ سے محفوظ بنایا جائے۔
اہم خبریں سے مزید