اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) اسمبلیوں کی تحلیل، نگراں وزیراعظم پر (ن) لیگ، پیپلز پارٹی کی مشاورت کا پہلا دور مکمل ہوگیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہ پی ڈی ایم فضل الرحمٰن سے بھی نگراں سیٹ اپ پرمشورے کئے۔
ادھر ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کا امیدوار اتفاق رائے سے آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل اور نگراں حکومت پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی مشاورت کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے جبکہ ذرائع ابلاغ کے مطابق اپوزیشن کی ابتدائی مشاورت میں نگران وزیراعظم کیلئے 3 ناموں پر غور کیا گیا ہے تاہم کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا۔
اس حوالے سے اپوزیشن کا ایک اور مشاورتی اجلاس بعد میں ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمان سے نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس دوران نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کا حتمی راؤنڈ عاشورہ کے بعد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔