پشاور /مردان (این این آئی)پشاور ہائی کورٹ کی طرف سے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی محمد خان کی ضمانت منظور کرنے کے بعد انہیں مردان جیل سے رہا کردیا گیا۔ عدالت عالیہ نے ڈپٹی کمشنر مردان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 8اگست تک ملتوی کردی۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل دو رکنی بینچ نےعلی محمد خان کی ضمانت درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے علی محمد خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ ایک ڈپٹی کمشنر کو عبرت کا نشان بنایا گیاتو پھر غیر قانونی کام کوئی نہیں کرے گا۔