اسلام آباد(ایجنسیاں/جنگ نیوز)تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سابق چیئرمین ایف بی آرشبر زیدی کی گفتگو پر ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے سابق چیئرمین ایف بی آر سے استفسار کیا کہ شبر زیدی بھائی خیریت ہے؟ یہ ڈیفالٹ کی کہانی کہاں سے آگئی؟یہ کہانی کہاں سے ایجاد کردی؟۔دوسری جانب سابق چیئرمین ایف بی آرشبرزیدی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ محض میرے انٹرویوکے کلپس پر تبصرہ نہ کیاجائے ‘ پہلے پوراانٹرویو دیکھیں ‘میں نےسسٹم پر تنقید کی ہے پارٹی پر نہیں ‘میں نے ہمیشہ یہ بات کہی ہے کہ عمران خان کی اقتصادی پالیسیوں میں کوئی خامی نہیں تھی مگر مافیا نےپالیسیوں کو روکا ۔شبر زیدی کا مزید کہناتھاکہ پاکستان میں رٹیلرز اور زرعی شعبہ بالکل ٹیکس نہیں دیتاجس کی وجہ سے تمام بوجھ تنخواہ دار طبقے پر پڑتاہے ۔قبل ازیں اسدعمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت اگست 2018 میں بنی تھی، پی ٹی آئی حکومت کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر 9 اعشاریہ 8 ارب ڈالر تھے۔