کراچی (نیوز ایجنسیز / اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ویژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک آصف علی زرداری کی دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے کراچی میں الیکٹرک بس سروس کے مزید ایک نئے روٹ کا اعلان بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرکو اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نےکہا کہ یہ آصف علی زرداری کا ہی تصور رتھا کہ سی پیک کا ایک بھی منصوبہ قرض کی بنیاد پر نہیں بنایا جانا تھا ، تمام منصوبے بلڈ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کی بنیاد پر چلانے کا تصور سابق صدر آصف علی زرداری کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسا منصوبہ سابق صدر آصف علی زرداری کی دور اندیش اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ممکن ہوا ۔