اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین اور ریونیو ڈویژن کے نئے وفاقی سیکرٹری ملک امجد زبیر ٹوانہ کا اپنا چیئرمین ایف بی آر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آج دو اگست کو ہونے والے سنٹرل سلیکشن بورڈ میں ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹم سروس کے افسروں کی پروموشن کے کیسوں کی منظوری کی بنیادی ذمہ داری ادا کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ایف بی آر کے سینئر عہدیدار ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ملاقات کی اور اس ملاقات کے دوران توقع ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کی حیثیت میں امجد زبیر ٹوانہ اپنی قومی ذمہ داریاں انتہائی تندہی اور ملک و قوم کے مفاد میں سرانجام دیں گے جس طرح وہ ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز کی ذمہ داریاں جان لڑا کر سرانجام دیتے چلے آرہے ہیں۔