لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژاؤ شی رین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین پاکستان دوستی اور شراکت داری کی گہرائی کی روشن مثال ہے۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ 2013میں چین کی جانب سے شروع کیے گئے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا کلیدی جزو اور دستخطی منصوبہ ہونے کے ناطے، سی پیک نےپاکستان کی ترقی کے لیے چین کے غیر متزلزل عزم اور حمایت کو ثابت کیا ہے۔ چینی قونصلیٹ لاہور کے زیر اہتمام سی پیک منصوبوں کے حوالے سے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ژاؤ شی رین نے کہا کہ چینی نائب وزیر اعظم لی فنگ کا صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے، سی پیک کی سالگرہ کی تقریبات کے لیے پاکستان کا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو مزید عمل میں لانے ،ماضی کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور CPEC کی ترقی کو اپ گریڈ کرنے کے عمل کو جاری رکھنے کا ایک نیا موقع فراہم کرتا ہے۔ سی ای او اورنج لائن مسٹر لی چن نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان با صلاحیت لوگوں کا ملک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقی کے موقع میسر ہوں۔