کوئٹہ ( پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہر ی نے چین اور پاکستان کے پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین کی دوستی کی اعلیٰ مثال ہے ۔ انہوں نے چین کے نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اپنے تہنیتی پیغام میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کوچین سے اپنی لازوال اور مضبوط دوستی پر فخر ہے ۔ پاک چین دوستی سدابہاراور منفرد ہے اور وقت کے ساتھ مضبوط ہوتی جارہی ہے ۔سی پیک منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا تعلقات کے حوالے سے ہمارے باہمی عزم کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا سفر دہائیوں پر محیط ہے اور اس کا دائرہ کار تمام شعبہ ہائے زندگی تک وسیع ہو چکا ہے ۔انہوںنے کہا کہ چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔ آج سے 72 سال پہلے دونوں ممالک نے دوستی کے پودے کا جو بیج بویا تھا وہ گزشتہ سات دہائیوں کے بعد ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت ،ہر مشکل وقت اور اہم موقعوں پر چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اسی طرح کا رویہ پاکستان نے بھی پیش کیا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری نے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پچھلے دس سال میں سی پیک کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو ئی ہے ، پاکستان میں بیروزگاری کے خاتمے کے ساتھ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس وقت پاکستان میں ہزاروں چینی باشندے مختلف شعبوں میںاپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیںاور پاکستانیوں کو انتظامی اور تکنیکی مہارت سے روشناس کرا رہے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی شاندار مثال ہے اور سی پیک منصوبے کے دس سال مکمل ہونے اور چینی نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد ہمارے لئے انتہائی قابل ستائش بات ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ۔