کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی میں پاکستان ٹیم کی شروعات مایوس کن انداز میں ہوئی۔ اسے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں3-1سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستانی کھلاڑیوں نے گول کے دو سے تین مواقع ضائع کئے اور پنالٹی اسٹروک سے بھی فائدہ اٹھانے میں نا کام رہے۔ ٹیم دوسرے میچ میں جمعے کو جنوبی کوریا کے سامنے ہوگی۔ جمعرات کو ایک اور میچ جنوبی کوریا نے ایشین چیمپئن جاپان کو2-1اور میزبان بھارت نے چین کو 7-2سے شکست دے دی۔ بھارت کے شہر چنئی میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ کا پہلا کوارٹر بغیر گول کے ختم ہوا۔ ہاف ٹائم پر ملائیشیا کو دو صفر کی برتری حاصل تھی ۔تیسرےکوارٹر میں سلویرئس نے ملائشیا کو تین صفر کی برتری دلا دی ۔ پاکستان ٹیم کو اس دوران پنالٹی اسٹروک بھی ملا، لیکن وہ ضائع ہوگیا۔ 55ویں منٹ میں عبدالرحمان نے پاکستان کا واحد گول بنایا۔