کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں بھی جیت کا کھاتہ نہ کھول سکی۔ جمعے کو چنئی میں جنوبی کوریا کے خلاف میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ حسب روایت پاکستان نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کیے۔ تین کوارٹر تک میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط دکھائی دی، تاہم آخری کوارٹر میں کھلاڑی تھکے ہوئے نظر آئے۔ دفاعی چیمپئن کوریا کے خلاف ابتدائی5 منٹ میں پاکستان ٹیم نے گول کرنے کے 2آسان مواقع گنوائے ۔ پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ۔ دوسرے کوارٹر میں عبدالحنان نے پاکستان کو برتری دلائی۔ خسارے میں جانے کے بعد کوریا نےشاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور چارپنالٹی کارنر حاصل کیے البتہ گول نہ کرسکی۔ 53 ویں منٹ میں جیون ینگ نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے میچ برابر کردیا۔ اختتام سے قبل بھی پاکستان کو گول کرنے کا موقع ملا جس سے ٹیم فائدہ نہ اٹھا سکی ۔ دوسری جانب ملائیشیا نے چین کو 5-1 سے زیر کیا جبکہ میزبان بھارت اور ایشین چیمپئن جاپان کا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔