اسلام آباد (مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تمباکو کے پتوں کی گرین لیف تھریشنگ (جی ایل ٹی) پراسیسنگ کے مرحلے پر ٹیکس مشینری کے 390روپے فی کلو گرام ایڈوانس ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے میں ناکامی کی وجہ سے ٹیکس محصولات میں 12.5ارب روپے کے نقصان کا سامنا کر رہا ہے۔ چند درجن جی ایل ٹی پروسیسنگ یونٹس ہیں اور ایف بی آر صرف دو ماہ (اگست اور ستمبر 2023) کی موثر نگرانی کے ذریعے پورے شعبے کی دستاویزات کو یقینی بنا سکتا ہے اس طرح رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 176 ارب روپے تک کے مجموعی ٹیکس رساو کو روک سکتا ہے۔ دی نیوز کی جانب سے کیے گئے تفصیلی پس منظر کے انٹرویوز سے یہ بات سامنے آئی کہ تمباکو کے پتوں کی فصل کی کل تخمینی پیداوار موجودہ سیزن میں تقریباً 64 ملین کلوگرام سے 72 ملین کلوگرام رہی جس میں سے دو بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں پاکستان ٹوبیکو کمپنی اور فلپ مورس سے تقریباً 40 ملین کلو گرام کی خریداری متوقع تھی ۔