سیالکوٹ( جنگ نیوز)یونیورسٹی آف سیالکوٹ (USKT) کے ساتھ ایک اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے نتیجے میں، دی انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سینٹر فار ایگزیکٹو ایجوکیشن نے سیالکوٹ میں ایگزیکٹو ایجوکیشن کےلیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیئے ہیں۔ اس تقریب کا مقصد فیملی کے زیرانتظام بزنس پروگرام کو بڑھانا بالخصوص خاندانی ملکیت میں چلنے والے کاروباری اداروں میں طویل مدتی ترقی اور پائیداری کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر پینل کی سطح پر مذاکرے بھی ہوئے جن میں مقررین نے مختلف کاروباری موضوعات پر سیرحاصل بحث کی۔IBA کے نمائندہ کامران بلگرامی نے "USKT کی معزز ٹیم کو تعلیم اور خاندانی کاروبار کے انتظام کی بہتری کے لئے ان کی غیر متزلزل لگن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری اسلام آباد میں پبلک سیکٹر پر خصوصی توجہ کے ساتھ، پاکستان بھر کے خاندانی اداروں کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ IBA اور USKT قابل ذکر سنگ میل حاصل کرنے کے لئے تیار ہیں، جو تاجروں کو ترقی اور جدت کے محرک کے طور پر مستحکم کر رہے ہیں۔" IBA کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اکبر زیدی نے کہا کہ "IBA کا سیالکوٹ میں ان پھلتے پھولتے کاروباروں کے درمیان ہونا باعثِ اعزاز ہے، ایک ایسا شہر جس کی تاریخ کامیاب کاروباری اداروں اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف اور کارناموں سے بھری ہے ۔ سیالکوٹ کی فی کس برآمدات پاکستان کے کسی بھی شہر سے زیادہ ہیں۔