• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک میں شمولیت کیلئے امارات، قطر اور ایران کی دلچسپی، چینی سفیر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سی پیک میں خلیجی ممالک یو اے ای ،قطر کے علاوہ ایران نے بھی شمولیت کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے، پاکستان میں معاشی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کی کوششیں جاری رکھیں گے،کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں،چین پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ جولائی 2021میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں9چینی انجینئرز اور 3 پاکستانی شہری ہلاک اور27چینی انجینئر شدید زخمی ہوئے تھے،یہ واقعہ ایک سازش تھاجس کا مقصد پاکستان میں مقیم چائنیز کو خوفزدہ کرنا تھا، ان خیالات کا اظہار کراچی میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے کہا کہ 10سال قبل سی پیک شروع ہونے کے بعد سے مجموعی طور پر 36منصوبے مکمل یا زیر تعمیر ہیں، جس سے پاکستان میں 25.4بلین امریکی ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری آئی ہے ، اس موقع پر کمرشل قونصلر ینگ گوانگ یون اور یوسف کرانی بھی موجود تھے،ایک سوال پر قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک میں خلیجی ممالک یونائیٹڈ عرب امارات ،قطر کے علاوہ ایران نے شمولیت پر دلچسپی ظاہر کی ہے،جب ان سے سی پیک میں بھارت کو شامل کیے جانے کے بارے میں سوال ہوا تو انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا،قونصل جنرل نے کہا کہ چین نے اورنج ٹرین کا منصوبہ مکمل کرایا۔

ملک بھر سے سے مزید