اسلام آباد(ایجنسیاں/جنگ نیوز)اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا اور جمعرات کو ہونے والی پہلی مشاورتی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین آج پھر نشست ہوگی ‘ ذرائع کاکہنا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا نام بھی شامل ہے جو اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے نگران وزیر اعظم کے معاملے پر مشاورت کے لئے لندن میں قائد مسلم لیگ (ن )میاں محمدنواز شریف سے بھی رابطہ کر لیا۔شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے دوران قائد ن لیگ کو نگران وزیر اعظم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر کے ساتھ مشاورت پر بریفنگ دی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے نگراں وزیر اعظم پر اتفاق رائے کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی بات چیت کی ہے۔دوسری جانب جے یوآئی سربراہ فضل الرحمان سے بھی مشاورت جاری ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے بتایا کہ قومی معاملے پر اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی لیکن اب تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا، فیصلہ ہوا ہے کہ آج پھر ایک نشست ہوگی‘نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے‘امیدہےکہ ہم ایک نام پر متفق ہوجائیں گے ‘شایدکل بھی ایک نشست ہو۔ راجہ ریاض نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے جب تک فائنل نہیں ہوتا ہم کوئی نام ظاہر نہیں کریں گے۔ کل چھ نام ہیں جو میرے اور وزیراعظم کے سامنے آ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ وہ کون ہیں؟ کس شعبے سے تعلق ہے؟ یا جن کے نام میڈیا میں گردش کر رہے ہیں ہم اس کا ذکر نہیں کریں گے ۔ ملاقات میں ہونے والی مشاورت سے متعلق راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ انہوں نے کس کا نام لینا تھا اورنہ انہیں پتہ تھاکہ میں نے کیانام دینے ہیں ۔