کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے عظیم کرکٹر حنیف محمد کی خدمات کے اعتراف میں گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کو ان کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ ٹورنامنٹ حنیف محمد ٹرافی کہلائے گا۔ 24- 2023ء کے سیزن میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دس ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دراصل ان حقیقی کرکٹ لیجنڈ کو خراج عقیدت ہے جنہوں نے اپنے وقار انہماک اور کھیل کے لیے اپنی خدمات کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرکٹ سے پیار کرنے والوں کے دلوں میں انمٹ نقوش چھوڑے ، ہم اپنے عظیم کھلاڑیوں کو یاد رکھیں اور ایسے اقدامات کرتے رہیں کہ ان کی یاد زندہ رہے۔حنیف محمد کے صاحبزادے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کا اس موقع پر کہنا ہے کہ وہ اور ان کی فیملی ذکا اشرف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے ان کے والد کی خدمات کو اعزاز بخشا ۔ خوشی ہے کہ کرکٹ بورڈ ان کرکٹرز کی قربانیوں اور سخت محنت کو یاد رکھے ہوئے ہے ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان ڈومیسٹک کرکٹرز حنیف محمد کے کریئر سے حوصلہ پائیں گے،یاد رہے کہ لٹل ماسٹر حنیف محمد پاکستان کرکٹ کے ابتدائی برسوں میں بیٹنگ کی بہترین مثال تھے۔ انہوں نے 55 ٹیسٹ میچوں میں بارہ سنچریوں اور پندرہ نصف سنچریوں کی مدد سے 43.98کی اوسط سے 3915رنز بنائے تھے۔حنیف محمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1958 کی سیریز کے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں 970 منٹ کی بیٹنگ میں 337 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تھی جو اب بھی ٹیسٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔حنیف محمد نے گیارہ ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی وہ 1969میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔حنیف محمد نے 238فرسٹ کلاس میچوں میں 55سنچریوں اور66نصف سنچریوں کی مدد سے 52.32کی اوسط سے17059 رنز بنائے تھے جس میں 499رنز کی تاریخی اننگز بھی شامل ہے جو اب بھی کسی پاکستانی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔اس ریکارڈ کو ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نےناٹ آؤٹ 501 رنز بناکر توڑا تھا۔واضح رہے کہ حنیف محمد ٹرافی ریجنل ٹیموں کے لیے قائداعظم ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کا ٹورنامنٹ ہوگی۔ جو بھی ٹیم حنیف محمد ٹرافی جیتے گی وہ ترقی پاکر قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنائے گی اور جو ٹیم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر آئے گی وہ ریلیگیٹ ہوکر گریڈ ٹو ایونٹ میں چلی جائے گی۔