لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈ بےضابطگی اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی190ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی سماعت کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ عمران خان پیش نہ ہوئے۔دورانِ سماعت جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ تو جاری نہیں ہوئے؟ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ ادھر کھڑے ہوجائیں، یہ کیس انکوائری ہے یا انویسٹی گیشن کی اسٹیج پر ہے؟۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ابھی گرفتارکرنے کےکوئی آرڈر نہیں ہیں۔