کراچی( اسٹاف رپورٹر) بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو خصوصی پروٹوکول ( ٹریٹمنٹ) نہیں دیا جائے گا۔ ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ ہمارے لیے پاکستان کسی بھی دوسری ٹیم کے جتنی اہم ہے، اسی طرح اہمیت دی جائے گی جیسے طرح دوسری ٹیموں کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کیلئے کوئی اسپیشل ٹریٹمنٹ نہیں ہوگی البتہ جہاں درکار ہوا وہاں مکمل فول پروف سکیورٹی کوور دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے قومی ٹیم کوورلڈکپ کیلئے بھارت جانے کی اجازت دیتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کو بھارت میں سکیورٹی پر تحفظات برقرار ہے، آئی سی سی اور بھارتی حکومت کو تحفظات سے آگاہ کریں گے، امید ہے بھارت میں پاکستان ٹیم کو بھرپور سکیورٹی حاصل ہوگی۔