کوئٹہ (پ ر)نگراں وزیراعظم کے لئے انوارالحق کاکڑ کے نام پر سبکدوش ہونے والی حکومت اور اپوزیشن دونوں کا متفق ہونا احسن اقدام ہے ۔ انوارالحق کاکڑ شریف النفس انسان اور سیاست دان ہیں وہ اعلیٰ انتظامی امور میں مہارت رکھتے ہیںاور اندرونی و بیرونی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات تک ملک کی باگ ڈور سنبھالنے اور مجوزہ انتخابات کرانے کے لئے انوارالحق کاکڑ اور ان کی ٹیم اپنا آئینی کردار ادا کرے گی اور وہ بطور نگراں وزیراعظم پاکستان اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بیان میں مزید کہا کہ ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ اس وقت ملک کو معاشی و انتظامی امور سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے اور بطور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ پر بھاری ذمہ داری ہوتی ہے کہ ان مسائل سے کیسے نمٹا جائے ۔ انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں ، اداروں اورتمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے چلانے میں انوارالحق کاکڑ کا ساتھ دیں تاکہ وہ تمام امور بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے سرانجام دے سکیں ۔