کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ہاکی کلبوں اور الیکٹورل کالج کی جانچ پڑتال جلد مکمل کر نے کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے رواں ہفتے اہم فیصلہ کا امکان ہے ۔ بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے انتخابات کے لئے ہدایت کردی ہے جبکہ فیڈریشن میں ہونے والی بد عنوانی کی انکوائری کیلئے ایف آئی اے سے رابطہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اختر رسول نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی اور ان سے کھیل کی بہتری کیلئے مشاورت کی ہے۔ سابق وزیراعظم نے انہیں قومی کھیل کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناپاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سکریٹری وسابق کپتان شہباز سینئر نے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے انتخابات کا مطالبہ کردیا ہے۔