کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم کی نا قص کار کردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پنالٹی کار نرمیں بہتری کیلئےسابق فل بیک سہیل عباس اور گول کیپنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کی خاطر سابق گول کیپر امجد سے رابطہ کیا ہے۔ پی ایچ ایف نے ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیاں لانے اور ایشین گیمز کیلئے شہناز شیخ کو مکمل اختیار دینے کا اشارہ دیا ہے۔ سہیل عباس نے تاحال فیڈریشن کو مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ گول کیپنگ کیلئے سابق کپتان احمد عالم بھی رابطے میں ہیں ،انہوں نے اپنی مصروفیات کے سبب ایک ماہ کیلئے کوچنگ پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ کھلاڑی موجودہ ٹیم منیجر سے ناخوش تھے، وہ اکثر ایشین ٹرافی میں کھلاڑیوں کے ساتھ ناشتے پر بھی موجود نہیں ہوتے تھے۔ قومی ٹیم پیر کی صبح چنئی سے لاہور پہنچے گی۔ ایشین گیمز کیلئےاسی ماہ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لئے نئے کوچنگ اسٹاف کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔