• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درست فیصلے کیے تو مہنگائی کے امتحان میں سرخرو ہونگے، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم درست فیصلے کیے تو مہنگائی اور معاشی بدحالی کے امتحانوں سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، مختصر مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے اور بڑی تباہی سے بچایا، آئین کے راستے سے اقتدار میں آئے اسی راستے سے جا رہے ہیں، وطن دشمنوں کی سب سازشیں ایک ایک کرکے ناکام ہوگئیں، عوام کے مفادات کی نگہبانی نگراں حکومت کے حوالے کر رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قوم سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وقت اور ریکارڈ گواہی دےگا کہ مختصر ترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو بدترین طوفانوں سے بچا کر پر امن ساحلوں کی طرف واپس لے آئے ہیں، سابق حکومت شرائط کی جن زنجیروں میں پاکستان کو جکڑ گئی تھی وطن کو ان سے آزاد کرایا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف ماضی کی تاریکیاں ختم نہیں کیں بلکہ روشن مستقبل کے چراغ بھی روشن کر کے جارہے ہیں، سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کر آنے والی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں، وطن دشمن پاکستان میں وہ منظر دیکھنا چاہتے تھے جو دنیا نے سری لنکا میں دیکھا تھا،لیکن وطن دشمنوں کی سب سازشیں ایک ایک کرکے ناکام ہوگئیں، مہنگائی ہوئی پر اشیاء کی قلت نہیں ہوئی۔ انہوں نےکہا کہ قرض لینا کوئی کامیابی نہیں، 16 ماہ کانٹوں پرچلنےکا سفر تھا، اس وقت اگر فوری انتخابات کروالیتے تو ہمیں سیاسی فائدہ ہوتا، ہم نے سیاسی خودغرضی نہیں کی قومی مفادات کوترجیح دی، ایک طرف ریاست دوسری طرف سیاست تھی، ہم نے ریاست بچانےکا فیصلہ کیا، ہم نے اللہ کا نام لے کرمشکل فیصلےکیے، اگر ملک دیوالیہ ہوجاتا تو کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہوجاتی، نہ دوائی ملتی نہ پیٹرول، صرف افراتفری اور ہنگامے ہوتے، وطن دشمن خوفناک مناظر دیکھنا چاہتے تھے، خود غرضوں کو صرف اپنی سیاست پیاری تھی، سب سازشیں ایک ایک کرکے ناکام ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی مفادات پرآنچ نہیں آنے دی، دوست ممالک کا اعتماد بحال کیا۔

اہم خبریں سے مزید