• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائفر گمشدگی، چیئرمین PTI کے خلاف مقدمہ درج، اٹک جیل میں پوچھ گچھ، سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان JTI میں پیش

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ دوسری جانب سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر ایف آئی اے نے گزشتہ روز اٹک جیل میں چیئرمین تحریک انصاف سے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ میں سائفرکی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ میں تعینات ڈی آئی جی لیول کے افسران اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ سائفر گمشدگی پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ممبران نے اٹک جیل میں عمران خان سے پوچھ گچھ کی۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے آفس میں ملاقات کی گئی ہے۔دوسری جانب سائفر کی تحقیقات کے معاملے پر سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز پہنچ کر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اورسابق پرنسپل سیکرٹری نے سائفر کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرا دیا۔ذرائع کے مطابق سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو ایف آئی اے آفس میں بدھ کو طلب کیا گیا تھا جہاں ان سے سائفر سے متعلق معاملے پر انکوائری کی جائیگی۔

اہم خبریں سے مزید