کراچی(اسٹاف رپورٹر) مشہور ٹیسٹ فاسٹ بولر اور پنجاب کے نگران وزیرِ کھیل وہاب ریاض انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔ یہ اعلان انہوں نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ2023کا ورلڈ کپ فوکس کیا ہوا تھا، تاہم اب انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کو خدا حافظ، تھینک یو کہنے کا وقت آ گیا ہے، سپورٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ، اہلخانہ، کوچز، ٹیم کے ساتھیوں، مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں وہ آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ لیگز کھیلوں گا، کرکٹ نہیں چھوڑوں گا، پاکستان کے پاس شاہین آفریدی اور دیگر اچھے بولرز ہیں اب میری جگہ ہی نہیں بنتی ۔ کھلاڑیوں کیلئے فیئر ویل میچ کی پالیسی ہونی چاہیے۔ میری کھیل میں بہت اچیومنٹ ہے، اس پر فخر ہے۔ وقار یونس، عاقب جاوید، محمد اکرم کا شکریہ انہوں نے میرے ساتھ بہت کام کیا،2011 کے ورلڈ کپ نے میری زندگی بدل ڈالی، شین واٹسن کے خلاف اسپیل یادگار رہے گا۔ سیاست میں ابھی اس دور میں ہی ساتھ ہوں گا، کوچنگ میں بچوں کیلئے کچھ کرنا چاہوں گا، سرفراز احمد کی کپتانی میں مزہ آیا وہ میرے دوست بھی ہیں، ان کے دور میں میں باہر بھی ہوا۔ افتخار احمد نے چھ چھکے مارے اس کو مبارکباد دینی چاہیے۔ 38سالہ وہاب ریاض نے27 ٹیسٹ ، 91ون ڈے انٹر نیشنل اور36ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی۔