• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف اور اتحادی حکومت ناکام رہی، جاوید لطیف کا اعتراف

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے رہنما جاویدلطیف کا کہنا ہے کہ شہبازشریف اوراتحادی حکومت ناکام رہی کیونکہ پی ایم ایل این کے سربراہ نوازشریف کے بغیر قوم کو2017 کا پاکستان نہیں دے سکتے۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نواز شریف کو بھائی کی حکومت میں کوئی ریلیف مل رہا تھا تو یہ غلط بات ہے، کسی کی بھی حکومت ہو ہم آئین اور قانون کو ماننے والے لوگ ہیں۔ 

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ عدل کے نظام کے پلڑے برابر ہونے چاہئیں،9 مئی واقعے کے مقدمات صرف ضمانت تک رکھیں تو درست بات نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس حق دفاع اور اپیل کا حق آج بھی موجود ہے لیکن نوازشریف کوحق دفاع اور اپیل کا حق حاصل نہیں تھا۔

 ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف سزا سننے کے بعد بیٹی کے ساتھ پاکستان آئے تھے، نواز شریف کے الگ قانون بنا دیئے جاتے ہیں

عجیب انصاف کیا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ پندرہ ماہ کی حکومت میں ہم ناکام رہے کیونکہ نواز شریف کے بغیر قوم کو دو ہزارسترہ کا پاکستان نہیں دے سکتے تھے، نواز شریف ستمبر میں وطن واپس آئیں گے۔

 سانحہ 9 مئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کےواقعات کےبعد ادارہ غیرسیاسی ہوا ہے، 9مئی واقعات سے پہلے بھی کچھ لوگ چیئرمین پی ٹی آئی کی سہولت کاری کررہےتھے۔

اہم خبریں سے مزید