اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے 90 روز میں انتخابات کیلئے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔شاہ محمود قریشی نے کور کمیٹی کی ایما پر نگران وزیر اعظم کو خط تحریر کرتے ہوئے کہا کہ ملک دستور کی مکمل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، سابق حکومت نےریاستی اداروں کو آئین کے مطابق چلانے کی بجائے ، اپنی جگہ بنانے اور خود کو احتساب سے بچانے کیلئے ایک کے بعد دوسرا حربہ استعمال کیا ، جس سے ریاست کی بنیادوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔شاہ محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی نیت سے ریاستی اداروں کا بے دریغ استعمال کیا،چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہہ اور انسانیت سوز حالات میں رکھا گیا ہے، جیل میں ان سے روا رکھا جانے والا سلوک کسی بھی ملک کے انتظامی اور عدالتی نظام کے چہرے پر ایک بد نما داغ ہے، عمران خان کو آئین اور جیل قواعد کے مطابق بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔