• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقلیتوں کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں، سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، نگراں وزیراعظم

کراچی(ٹی وی رپورٹ)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہےکہ اقلیتوں کےتحفظ پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، متحد ہوکر مقابلہ کریں گے، سانحہ جڑانوالہ سماج میں موجود مرض کی نشاندہی کرتا ہے، ملزمان کو انصاف کےکٹہرے میں لائیں گے۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ جڑانوالہ کے علاقے عیسیٰ نگری پہنچے اور گرجا گھر کی از سر نو تعمیرکا جائزہ لیا، بعدازاں تقریب میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور امدادی چیک تقسیم کئے، انہوں نے تمام متاثرین کو گلے سے لگایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ ہمارے سماج میں موجود ایک مرض کی نشاندہی کرتا ہے، یہ انسانی رویہ ہے جو شیطان کی طرح روپ دھارتا ہے، انتہاپسندی ایک رویہ ہے جس کا کسی مذہب اور فرقے سےکوئی تعلق نہیں، بطور امتی ہم مسیحی بھائیوں کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں۔ نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں ہمارا رویہ الفاظ سے زیادہ عمل سے نظر آئےگا، انسانیت کے دشمنوں کا متحد ہوکر مقابلہ کریں گے، کوئی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، اقلیتوں کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے، سانحہ جڑانوالہ کا پتہ چلا تو میں دل سے دکھی ہوا، اقلیتوں کے جان ومال پرکوئی بھی شخص یا گروہ حملہ آور ہوگا تو ریاست مظلوم کے ساتھ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم میجورٹی ازم پر یقین نہیں رکھتے، آپ جھنڈے میں محض سفید رنگ نہیں ہیں، اقلیتوں کے تحفظ کے معاملے پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

اہم خبریں سے مزید