اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) نگر ان وزیر اعظم انوار الحق نے کابینہ کی تین کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دیدی ہے، توانائی، قانون سازی،چینی سرمایہ کاری منصوبوں کی کمیٹیاں شامل، کابینہ ڈویژن نے ٹی او آرز بھی وضع کر دیں نگران وزیراعظم نےکابینہ توانائی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیر پاور و پیٹرولیم کابینہ توانائی کمیٹی کے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں ، وزیر خزانہ و ریونیو ،وزیر منصوبہ بندی،وزیر مواصلات، ریلویزو میری ٹائم افیرز ،وزیر قانون اوروزیر موسمیاتی تبدیلی و آبی وسائل کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں، سابق وزیر اعظم شہباز شریف کابینہ کمیٹی توانائی کے چیئرمین تھے،وزیراعظم نےچینی سرمایہ کاری منصوبوں سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،وزیر اعظم کمیٹی کے چیئرمین ہونگے، وزیر خارجہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر داخلہ ونارکوٹکس کنٹرول ، وزیراوورسیز پاکستانیز و انسانی ترقی ، وزیر تجارت، صنعت و پیداوار، وزیر پاور و پیٹرولیم ،وزیر خزانہ و ریونیو، وزیر مواصلات، ریلویز و میری ٹائم افیرز، وزیر قانون، وزیر موسمیاتی تبدیلی و آبی وسائل کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں، وزیر اعظم نے قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی کی سربراہی وزیرقانون، موسمیاتی تبدیلی اور آبی وسائل کو دیدی گئی ارکان میں وزیر اطلاعات و نشریات،منصوبہ بندی، آئی ٹی و سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیر مذہبی امور اور ہم آہنگی شامل ہیں، اٹارنی جنرل آف پاکستان کو خصوصی دعوت پراجلاسوں میں مدعو کیا جائیگا۔ادھرکابینہ ڈویژن نے کابینہ کی تین بنائی جانے والی کمیٹیوں کی ٹی او آرز بھی وضع کردی ہیں اور با ضابطہ نو ٹیفکیشن جاری کردیا ۔ کابینہ ڈویژن نے کابینہ کی توا نائی کمیٹی کی چھ نکاتی ٹی او آرزبنا دی ہیں ۔کمیٹی زیر تعمیر یا پائپ لائن انرجی پراجیکٹس بالخصوص سی پیک پراجیکٹس پر اہداف کے مطا بق عمل درآ مد کو یقینی بنا ئے گی، انرجی پراجیکٹس کی تکمیل کی راہ میں حائل رکا وٹوں کی نشاندہی اور جلد تکمیل کیلئے ان کا سد باب کرے گی۔