کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپسی کے بعد انتخابی مہم کیلئے دو تین مہینے ملنا ضروری ہے،صدر آئین کے مطابق ہر کام کیلئے وزیراعظم کی ایڈوائس کا پابند ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ٹائم فریم کے ساتھ الیکشن شیڈول بھی دیدینا چاہئے تھا، ماہر قانون شاہ خاور نے کہا کہ جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانا روٹین کی پوسٹنگ ہے، اس کا تعلق چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے سے نہیں ہے۔سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کروانے کیلئے پرعزم ہے، چیف الیکشن کمشنر اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے کیلئے کام کررہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بتایا ہے 14دسمبر تک نئی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوگا، اس کے بعد فروری میں الیکشن ہوں گے، ہم نے الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹوں سے متعلق عمل بھی ساتھ ہی شروع کرنے کیلئے کہا ہے۔