اسلام آباد (فاروق اقدس/ تجزیاتی رپورٹ) پاکستان کے نئے نامز د ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعہ کو اسلام آباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی،رواں ہفتے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے میاں نواز شریف سے بھی خصوصی طور پر ملاقات کی تھی ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فیصل جو ہنگامی طور پر پاکستان پہنچے تھے انہوں نے نگران وزیراعظم سے تفصیلی ملاقات کی تاہم ان کی پاکستان آمد اور بالخصوص نگران وزیراعظم سے ملاقات کے مقاصد کے بارے میں سرکاری طور پر جاری کی جانے والی خبر صرف ملاقات تک محدود تھی لیکن اس بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں ہفتے ہی پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی، اس ملاقات کے بارے میں بھی پاکستان کے وزارت خارجہ نے کسی قسم کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی تھیں اور استفسار پر اس ملاقات کو محض ’’کرٹسی کال‘‘ قرار دیا تھا۔