کراچی (جنگ نیوز) رشتے، بھروسے اور اعتبار کی دلچسپ کہانی پر مشتمل ڈرامہ سیریل ”صرف تم“ کی کہانی ناظرین کی محبتیں سمیٹ کر اَب اپنے اختتام پر آگئی ہے۔ ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے تحت تخلیق کئے گئے اس ڈرامے کی آخری قسط پیر کی شب 9بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی۔ عبداللہ کادوانی اور اسدقریشی کی پروڈکشن میں تیار ہونے والے ڈرامے کی منفرد اسٹوری کو سیما مناف نے تحریر جبکہ سیریل کی شاندار عکس بندی ہدایتکار مظہر معین نے کی ہے۔ مغربی روایات، بے اعتباری، خوبصورت رشتے اور نشیب و فراز پر مشتمل اس ڈرامے کو ناظرین میں بے حد پسند کیا گیا۔ ٹیلی ویژن کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ”یوٹیوب“ پر بھی ناظرین نے اس ڈرامے کو خوب سراہا۔ صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کو سریلی کمپوزیشن اور آواز کے ساتھ شانی ارشد نے ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی میں کچھ اس انداز سے ترتیب دیا کہ دیکھنے اور سننے والے جھوم اُٹھے۔ ڈرامے کے اہم کرداروں میں انمول بلوچ، حمزہ سہیل، محسن عباس، فضیلہ قاضی، حبا عزیز، عائشہ گل، ارم اختر، صبیحہ ہاشمی، سلمیٰ عاصم، کاشف محمود، آغا مصطفی اور دیگر نے یادگار کردار ادا کئے۔