کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی نےسابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز کو 51لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد مزید 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کراچی میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں انضمام الحق کی تنخواہ اور ان کی بطور چیف سلیکٹر تقرر ی کی منظوری دی گئی۔ ایم سی نے پنڈی اسٹیڈیم میں دس ہزار کرسیاں لگانے کی منظوری دی۔ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیم میں بھی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ بورڈ اسٹیڈیمز کیلئے شمسی توانائی سے بجلی حاصل کرے گا، ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ بجلی بچانے کیلئے کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پینلز لگیں گے، بورڈ فلڈ لائٹس کا سسٹم بھی سولر انرجی پر منتقل کرنے کا خواہاں ہے۔ ذرائع کا کہنا کہ اجلاس میں ایک موقع پر مصطفیٰ رمدے اور ظہیر عباس کے درمیان تلخی دکھائی دی لیکن بعد میں معاملہ سنبھل گیا۔ ظہیر عباس نے تمام اراکین کو اجرک کا تحفہ دیا۔ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایم سی رکن ذوالفقار ملک اورمصطفیٰ رمدے نے کچھ معاملات پر اجلاس میں اعتراض کیا ۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ گفتگو اچھے ماحول میں ہوئی ، جھگڑا ہونے کا غلط تاثر دیا گیا۔ بحث و مباحثے کے بعد میٹنگ خوشگوار ماحول میں ختم ہوئی۔