کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس سے پہلے کہ ہم فیصلہ کریں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ اور ناجائز ٹیکسز فوری واپس لیں اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کریں،لوگ اب سڑکوں پر آچکے ہیں،اگر اضافہ واپس نہ لیا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی، آج پیر کو تمام تاجر مارکیٹیں اور بازار بند رکھیں گے اورجماعت اسلامی کے تحت شہر کے تمام اہم مقامات پر مظاہرے ہوں گے اور 2ستمبر ہفتے کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فائیواسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد میں بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے، بھاری بلوں میں مختلف سرچارج او رٹیکسوں کی بھرمار،اووربلنگ، اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ او ردیگر مسائل کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جاگیردار وں اور وڈیروں پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے،سرکاری افسران اور اعلیٰ عہدیداران کی مراعات ختم کی جائے، بجلی کے بلوں میں اضافے، ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے، آئندہ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کریں گے کہ بجلی کے بلز جمع کروائے جائیں یا نہیں۔