• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، قذافی، ملتان اسٹیڈیم میں ویری فیکیشن اور الرٹ سسٹم لگا نے کے احکامات

لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نے ایشیا کرکٹ کپ کے میچوں کے لئے قذافی سٹیڈیم اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں فوری طور پر سمارٹ ویری فیکیشن اور الرٹ سسٹم لگا کر آپریشنل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ لاہور اور ملتان کے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں رابطہ مربوط کرنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملتان اور لاہور میں ٹورنامنٹ سے پہلے اور اس کے دوران وسیع پیمانے پر سویپ اینڈ سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جاری احکامات میں کہا ہے کہ وہ پی ایس ایل 8کے میچوں کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے 10کروڑ فراہم کرنے کے لئے رابطہ کرے۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور اور ملتان میں سیکورٹی اور انتظامی امور کے لئے دو دو انٹیلی جنس اور ایڈمنسٹریٹو کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں ۔ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی ملتان کی سفارشات کی روشنی میں پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تھرڈ TIERسیکورٹی پاکستان آرمی کرے گی جو ضرورت پڑنے پر ایمرجنسی انخلاء ، ائیر سرویلنس اور ایمرجنسی آپریشن کے فرائض سرانجام دے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ صرف ٹیموں کے انخلاء کے لئے 2ہیلی کاپٹرز آرمی ایوی ایشن فراہم کر رہی ہیں جو آرمی ایریاز میں موجود ہیں گے جنہیں قذافی سٹیڈیم میں پارک کرنے کے لئے فوجی حکام سے بات کی جائے گی ۔پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنر ملتان کو ایشیا کپ کے اخراجات کے لئے فنڈز کے اجراء کے حوالے سےپاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرنے کا کہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید