اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان اور ایران نے مشترکہ اقتصادی کمیٹی (جے ای سی) کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے دوطرفہ مذاکرات اور فالو اپ میٹنگز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایران کے نائب وزیر اقتصادی و خزانہ رضا بخشی اور اقتصادی امور ڈویژن کے قائم مقام سیکرٹری حمیرکریم کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کا جائزہ لیا گیا اور بالخصوص پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔