لاہور(آصف محمود بٹ) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کے لئے دو جدید ترین سیکیورٹی سکینرز حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی ،برطانیہ کی طرف سے 1لاکھ 64ہزار پائونڈ (60 ملین روپے) کی فنڈنگ سے کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کے لیے دو جدید ترین اسکریننگ یونٹ فراہم کیے گئے ہیں تاکہ مسافروں کے سامان میں موجود غیر قانونی اشیاء کا پتہ لگایا جا سکے۔ کراچی ایئرپورٹ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا پاکستان کے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی حوالے سے ہم سب چاہتے ہیں کہ مسافر محفوظ رہیں ۔ پرواز کو محفوظ تر بنانا برطانیہ اور پاکستان کو ایک دوسرے کے مزید قریب لاتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے بہترین تعاون پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔