کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے مابین ہونے والے کرکٹ میچ کے سلسلے میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر حسن اسکوائر برج اور اسٹیڈیم جانے والے راستوں کو کنٹینر ز کے ذریعے عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ،جس کے نتیجے میں بد ترین ٹریفک جام ہو گیا اور مہنگے پٹرول سے تنگ شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس کر خوار مہنگے پٹرول کا اضافی بوجھ اور خرچ بھی جیب پر گراں گزرنے پر انتظامیہ اور اعلی حکام سے نالاں جبکہ یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بس کیلئے ٹریک بنانے کے سلسلے میں ترقیاتی کام جاری ہےجس کے باعث حسن اسکوائر سے نیپا چورنگی اور پرانی سبزی منڈی جانیوالی شاہراہ تنگ ہونے سے ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس تکلیف دہ صورتحال کے باعث ایمبولینسوں کے بھی ٹریفک جام میں پھنسنے کے باعث ان میں موجود مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں جبکہ میچ کے حوالے سے انتظامیہ نے کوئی متبادل راستہ اور جامع پلان مرتب نہیں کیا ہیوی ٹریفک کو بھی نہ روکا جانا شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کی ٹیموں کے درمیان نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعہ کو ہونے والے میچ کے باعث سیکورٹی خدشات کے پیش نظر حسن اسکوائر بر ج سے اسٹیڈیم جانے والا راستہ کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔