کراچی( عبدالماجد بھٹی)پاکستان میں جنوبی افریقا کے ہائی کمشنرمادھو زیلی مدی کیزا نے کہا ہے کہ 2020ء میں جب پاکستان میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا تو صدر پاکستان سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کروں گا جس کے بعد میری کاوشوں سے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے 2021ء میں پاکستان کا دورہ کیا۔وہ ہفتے کو کراچی میں جنوبی افریقاکے اعزازی قونصل جنرل ماجد بشیر احمد کی جانب سے پاکستان اور جنوبی افریقاکی خواتین کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کررہے تھے۔ غیر ملکی سفارتکاروں،معزز شہریوں، سیاست دانوں اور دونوں ٹیموں کی ٹیم انتظامیہ نے ظہرانے میں شرکت کی۔ پی سی بی خواتین ونگ کی سربراہ تانیہ ملک، جنرل منیجر عائشہ اشعر اور ویمنز سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے علاوہ سابق گورنر سندھ جنرل(ر) معین الدین حیدر، ڈاکٹر فاروق ستار، عرفان اللہ مروت، ڈاکٹر ظفر مسعود،اشتیاق بیگ اور پاکستان ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نمایاں تھے۔مادھو زیلی مدی کیزا نے کہا کہ مردوں کی ٹیم کے بعد اب جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیم کراچی میں ہے۔جمعے کی شب اس نے پاکستان میں پہلی بار انٹر نیشنل میچ کھیلا۔پاکستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے میچ جیتا۔میزبان اور جنوبی افریقا کے قونصل جنرل ماجد بشیر احمد نے کہا کہ عظیم نیلسن منڈیلا کھیلوں سے محبت کرتے تھے اور ان کو کرکٹ سے گہرا شغف تھا، نیلسن منڈیلا نے جب رابن آئی لینڈ میں26سال قید میں گزارنے کے بعد پیرس،لندن،نیویارک اور ماسکو سے ہوتے ہوئے کراچی آئے تھے۔یہ پاکستانیوں کے لئے اعزاز کی بات ہے۔اب ہم نےکراچی سے سولہ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل نیلسن منڈیلاٹیلنٹ ہنٹ ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔یہ ٹیم اس ماہ کے آخر میں جنوبی افریقا کا دورہ کررہی ہے۔جس کی میزبانی نیلسن منڈیلا کے پوتے کریں گے۔ماجد بشیر احمد نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے ایک بار تاریخی جملے ادا کئے تھے کہ اسپورٹس سے دنیا کو تبدیل کرنے کی طاقت موجود ہے۔کھیل ہی قوموں کو متحد کرتا ہے۔دنیا بھر میں کھیلوں کی زبان سب سمجھتے ہیں۔نیلسن منڈیلا کے وژن اور تاریخی الفاظ کو عملی جامع پہنانے کے لئے ہم نے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کی ۔پی سی بی اور ٹرانس گروپ کے شکر گذار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔دونوں ٹیموں کو بھی کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم کے تحت جنوبی افریقاکے دورہ کا مقصد ابھرتے ہوئےکرکٹرز کو سامنے لانا ہے، امید ہے کہ دورہ جنوبی افریقامیں کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا، جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم کا پہلی مرتبہ پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ برانڈ ایمبیسیڈر سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو موقع دینا قابل فخر ہے، دورہ سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔جنوبی افریقا ہائی کمیشن نےبچوں کے لئے اوپن ٹرائلز کرائےاور سولہ بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ڈومیسٹک کرکٹ سے وقت ملا تو میں بھی ان کے ساتھ جانے کی کوشش کروں گا۔پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم کی پاکستان آمد پر انکو خوش آمدید کہتی ہوں دنیا کے دیگر ممالک سے خواتین ٹیم کا آنا خوش آئند ہےامید ہے ہم بھی جنوبی افریقا کرینگے تاکہ خواتین کرکٹ میں مزید اچھا ٹیلنٹ آئے۔کراچی میں مشکل میچ جیتا اب سیریز بھی جیتنا چاہتے ہیں۔مہمان کپتان لورا نے کراچی میں پاکستان کی میزبانی کی تعریف کی۔