کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے لئے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی اور دیگر عہدیداران پی سی بی کی دعوت پر پیر کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچ رہے ہیں۔پی سی بی چیئرمین ذکاء اشرف نے رات میں مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیاہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ نے دعوت کے باوجود پاکستان آنے سے معذرت کر لی ۔ بھارتی وفد میں بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی ، نائب صدر راجیو شکلا،ڈائریکٹر بی سی سی آئی یودھویر سنگھ اور سیکریٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم شامل ہیں۔بی سی سی آئی وفد پیر کی دوپہر واہگہ بارڈر کےراستے پاکستان پہنچے گا۔راجر بنی اور راجیو شکلا سمیت بھارتی وفد کے ارکان ایشیاکپ کے 5اور 6 ستمبر کے میچ دیکھیں گے۔پی سی بی نے ایشیاکپ کے لئے بی سی سی آئی اور آئی سی سی سمیت متعددکرکٹ بورڈز کےسربراہان کو دعوت دی ہوئی ہےبنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کےکرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس پہلےہی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔نیپال بورڈ کے حکام ملتان میں موجود ہیں۔