کوئٹہ(پ ر ) بلوچستان نیشنل (عوامی) کے مرکزی صدر سابق صوبائی وزیر راجی راہ شون میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر بم حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے بی این پی (عوامی) ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام خواتین کا پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی احتجاجی مظاہرہ سے پارٹی کی مرکزی رہنماء فاطمہ مینگل ، رحم بی بی ، نادیہ بلوچ ، زر بی بی ، سعدیہ بی بی و دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر مرکزی رہنماء ڈاکٹر ناشناس لہڑی ، عبدالوکیل مینگل، الہی بخش بلوچ ،ملک صادق بنگلزئی،میر ستار شاہوانی، کامریڈرحمت اللہ و دیگر رہنماء موجود تھے۔ مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) بلوچستان کے مظلوم و محکوم عوام کی ترجمان جماعت ہے پارٹی کے مرکزی صدر راجی راہشون واجہ میر اسد اللہ بلوچ کی بلوچستان اور بلوچستان کے عوام کیلئے جدوجہد کسی سے چھپی نہیں۔ میر اسد اللہ بلوچ بلوچستان کے عوام کی ایک تواناآواز ہے کچھ لوگ اُن کی سیاسی جمہوری جدوجہد سے خائف ہوکر اس طرح کے حربے استعمال کررہے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر بم حملوں میں ملوث لوگوں کو گرفتار کرکے بےنقاب کیا جائے بعد ازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔