• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ وفد نے باہمی سیریز پر پی سی بی کو ہری جھنڈی دکھادی، فیصلہ حکومت کرے گی، ایشیا کپ کیلئے لاہور آمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی نہ ہی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر، بھارتی بورڈ کے سیکریٹری اور سب سے با اثر عہدیدار جے شاہ نے آنے کی دعوت قبول کی ۔ البتہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا چار رکنی وفد پیر کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گیا۔ 

وفد میں بورڈ کے صدر راجر بنی ، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر یُودھویر سنگھ اور سیکریٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم وفد میں شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد 2008 کے بعد پاکستان آیا ہے۔ مہمانوں کو آمد پر گلدستے پیش کیے گئے۔

 راجر بنی اور راجیو شکلا نےباہمی سیریز پر پی سی بی کو واضح طور پر یہ کہتے ہوئے ہری جھنڈی دکھادی کہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ۔

 ہماری حکومت جو فیصلہ کرے گی ہم ویسا ہی کریں گے۔ راجر بنی نے کہا کہ بورڈ پاک بھارت سیاست پر بی سی سی آئی کچھ نہیں کہے گا ، ہمیں انتظار ہے دیکھیں کیا ہوتا ہے۔

 پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے، اس لئے لاہور آئے ہیں ، پاکستان آکر خوشی محسوس کررہے ہیں۔ خالصتاً کرکٹ کا دورہ ہے۔ بی سی سی آئی کا وفد پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی دعوت پر لاہور آیا ہے۔

 راجر بنی اور راجیو شکلا کے 5 اور 6 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے میچ دیکھیں گے۔ ذکا اشرف کی جانب سے راجربنی اور راجیو شکلا کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا ۔ 

ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کرکٹ تعلقات کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے۔ 

ذکا اشرف نے راجر بنی اور راجیو شکلا کے ہاتھ فضا میں بلند کرکے گرمجوشی کا اظہار کیا۔ راجر بنی کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں، 2005 کے بعد پاکستان آکر بہت اچھا لگا۔

 ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ دل کی گہرائیوں سے بھارتی وفد کا شکر گزار ہوں، اس طرح سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے۔ 

دریں اثنا پاکستان آنے سے قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجر بنی اور راجیو شکلا کا کہنا تھا ہم پاکستان کرکٹ کے لیے جارہے ہیں، سیاست پر کوئی بات نہیں ہو گی۔

اہم خبریں سے مزید