کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ کاسپر فور مرحلہ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ سے شروع ہورہا ہے۔ یہ پاکستان میں ٹورنامنٹ کا چوتھا اور آخری میچ ہوگا ۔ پاکستان نے میچ کے لئے گیارہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔ پالی کیلے میں بھارت کے خلاف کھیلنے والے محمد نواز کی جگہ فاسٹ بولنگ آل رائونڈر فہیم اشرف کو ملی ہے پاکستان چار فاسٹ بولروں کے ساتھ کھیلے گا۔ شاداب خان واحد اسپنر ہوں گے البتہ افتخار احمد اور سلمان آغا کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ دریں اثنافاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ ماضی پر میں بات نہیں کرتا، بھارت سے جب میچ ہوگا تب دیکھیں گے۔ کوشش ہے ایشیا کپ جیتیں اور ورلڈ کپ میں بھی اچھا پرفارم کریں۔ جس کے ساتھ بھی فائنل ہو بس دعا ہے کہ ہم جیتیں ۔ علاوہ ازیں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے منگل کی شام قومی اکیڈمی میں پریکٹس کی۔ بنگلہ دیش کے لٹن داس فٹ ہوگئے ہیں انہوں نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔