اسلام آباد (جنگ رپورٹر) پاکستان کی مختلف سیاسی شخصیات کی مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے تشکیل دیئے گئے انکوائری کمیشن کے حوالے سے مقدمہ میں تین ججوں کے بنچ سے علیحدہ ہونے کے معاملہ پر سپریم کورٹ آج فیصلہ سنائے گی۔ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کیخلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد ایس زبیری کی آئینی درخواست پر پانچ رکنی بنچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر اعتراض اٹھایا تھا۔ اٹارنی جنرل کے اعتراضات سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔