اسلام آباد /لندن ( مرتضیٰ علی شاہ ) امریکہ کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستان میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر خواتین کے ٹینس ٹورنامنٹ، ڈبلیو 15 (W15) کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے خواتین کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل اور کھیلوں کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع قرار دیا ہے، ہفتے کے روز اسلام آباد میں منعقدہ جنید فیملی فاؤنڈیشن (JFF) ویمنز ورلڈ ٹینس W15 فیوچرز ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسٹورنامنٹ میں 17 ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والی 30 خواتین کھلاڑیوں نے پاکستان آ کر مقابلوں میں حصہ لیا، نیٹلی بیکر نے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور معزز مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پاکستان میں اس سطح کا خواتین کا یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے، یہ واقعی ایک اہم سنگِ میل ہے، اور اس کامیابی کو ممکن بنانے والے تمام افراد کو اس پر فخر ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ امریکا کھیلوں کی اس صلاحیت پر یقین رکھتا ہے جو ٹیم ورک، ثابت قدمی اور مختلف قوموں کے لوگوں کے درمیان تعلقات قائم کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے، ان کے مطابق کھیلوں کے ذریعے بننے والے یہ روابط مقابلے کے آخری پوائنٹ کے بعد بھی دیرپا رہتے ہیں۔