کراچی (جنگ نیوز)ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے انتخابات میں جیو نیوز کے اظہر عباس صدر اور 365نیوز کے طارق محمود جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے ہیں ۔انتخابی نتائج کے مطابق پبلک نیوز کے محمد عثمان اور 24نیوز کے میاں طاہر ، نائب صدور ہم نیوز کے ریحان احمد اور ایکسپریس نیوز کے ندیم جمال جوائنٹ سیکریٹریز جبکہ شہاب محمود فنانس سیکریٹری منتخب ہوئے ۔ ایمنڈ کی جنرل کونسل کے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین کا بھی انتخاب کیا ، جن میں زاہد مظہر معصوم رضوی، محسن رضا، مبارک علی، کامران لاشاری، ہمایوں سلیم ، خواجہ حسنین ، محمد نوشاد اور رزاق سر وہی شامل ہیں ۔ایمنڈ کی جنرل کو نسل نے پاکستان میں آزادی صحافت کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور آزاد صحافت کو محدود کرنے کے لئے حکومتی اختیارات اور ریاستی اداروں کے بڑھتے ہوئے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔