اسلام آباد (صالح ظافر) اپنے مضبوط کثیر جہتی دوطرفہ تعاون کو وسعت دیتے ہوئے پاکستان اور چین نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جیسا کہ دونوں ممالک نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا عنوان ’’موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جنوب جنوب تعاون کے تحت سامان کی فراہمی‘‘ ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور چین کی وزارت ماحولیات کے نائب وزیر ژاؤ ینگ مین نے چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز میں اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جس میں دنیا بھر سے موسمیاتی تبدیلیوں کے ماہرین نے شرکت کی۔
چین قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے اور اس کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے خاص طور پر نئے انتظامات کے ذریعے ابتدائی انتباہ، پیشن گوئی، نگرانی اور نئے انتظامات کے ذریعے آفات کی تیاری کے ردعمل کے نظام میں پاکستان کی کوششوں میں مدد کرے گا۔