کراچی(جنگ نیوز)پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ کےلئےسیکورٹی خدشات کے پیش نظر حسن اسکوائر فلائی اوور اور اسٹیڈیم جانے والے راستے عام ٹریفک کیلئے بند رہے،ارد گرد خصوصا کارساز روڈ، ڈالمیا روڈ، یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام رہا،جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید دشوری کا سامنا کرنا پڑا، چند منٹ میں طے ہونے والا سفر شہریوں نے گھنٹوں میں طے کیا،پولیس کی ناقص حکمت عملی اور متبادل راستوں کی کھدائی اور تباہ حالی کے باعث ہزاروں شہری گھنٹوں پھنسے رہے جبکہ میچ کی دوران اسٹیڈیم تقریبا خالی تھا اور چند تماشائی موجود تھے جبکہ باہر ہزاروں شہری پھنسے رہے،، دوسری جانب اتنے انتظامات کرنے اور شہریوں کو کوفت اٹھانے کا باعث بننے والے میچ کو دیکھنے کیلئے تماشائی نہ ہونے کے برابر رہے اور اسٹیڈیم خالی پڑا رہا، مہنگے فیول سے تنگ شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس کر خوار ہوگئےجبکہ انتظامیہ اور متعلقہ حکام کہیں دکھائی نہیں دیئے جو ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے،مہنگے پٹرول کے اضافی بوجھ تلے دبنے پرشہری شدید ناراض اور غصے سے لال پیلے ہوتے رہے، اس ناگفتہ بہ صورتحال کی وجہ سے ایمبولینسوں میں موجود مریض اور گاڑیوں میں بیٹھےبزرگ اور خواتین شدید پریشانی میں مبتلا نظر آئے، ٹریفک جام میں پھنسے مریضوں کی زندگیاں بھی خطرے سے دوچار رہیں،میچ کے سلسلے میں کوئی متبادل راستہ اور جامع پلان مرتب نہیں کیا گیا تھا جبکہ ہیوی ٹریفک کے داخلےپر بھی پابندی نہ ہونے سے ٹریفک جام میں پھنسےشہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔