اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں )انسداد دہشتگردی عدالت( اے ٹی سی)نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا دوسری جانب سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی نے عدالت کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ دیئے جانے کے بعد پولیس کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق پرویز الہی کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت اے ٹی سی جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی،پرویز الہی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، ان کی جانب سے وکلا سردار عبدالرازق اور علی بخاری بھی پیش ہوئے،سماعت کے آغاز پر پولیس نے پرویز الہی کے مزید 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ،پرویز الہی کے وکیل عبدالرازق نے اپنے دلائل میں کہا کہ 2دن پہلے اس کیس میں پرویزالہی کا نام سامنے آیا، ان کے خلاف جاری ایم پی او ہائی کورٹ نے معطل کردیا تھا، مقدمہ مارچ میں درج ہوا تب پرویز الہی پی ٹی آئی کا حصہ نہیں تھے جبکہ انہوں نے اپریل میں شمولیت اختیار کی اور جون سے کیسز بھگت رہے ہیں لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الہی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکا۔