• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی تیل اسمگلنگ، 29 سیاستدان ملوث، 90 سرکاری حکام، 76 ڈیلر شامل، سالانہ 60 ارب نقصان، رپورٹ وزیراعظم ہاؤس جمع

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ/این این آئی) ایف آئی اے نے کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں مکان پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ امریکی ڈالر برآمداور2ملزمان آغا اعجاز اورمشتاق خان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان افغان شہری ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ 

ادھرسول حساس ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں 29 سیاست داںاور 90سرکاری حکام شامل ہیں جبکہ ایرانی بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں 76ڈیلرز تیل اسمگلنگ میں ملوث ہیں‘ ایران سے پاکستان کو سالانہ 2ارب 81کروڑ لیٹر سے زیادہ تیل اسمگل ہوتا ہےجس کے باعث پاکستان کو سالانہ 60ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہو رہا ہے۔

 رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 722کرنسی ڈیلر حوالہ ہنڈی کے کاروبارمیں ملوث ہیں، سب سے زیادہ 205ڈیلر پنجاب، خیبرپختونخوا میں 183، سندھ میں 176، بلوچستان میں 104، آزاد کشمیر میں 37اور اسلام آباد میں 17ڈیلرز حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہے ہیں۔

سول حساس ادارے نے اسمگلنگ پر رپورٹ وزیراعظم ہاؤس میں جمع کرا دی جس میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ تیل کی اسمگلنگ سے ہونے والی آمدنی دہشتگرد بھی استعمال کرتے ہیں ۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 995پمپ ایرانی تیل کی فروخت کا کاروبار کرتے ہیں ۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی گاڑیاں بھی ایرانی تیل کی ٹرانسپورٹیشن میں ملوث ہوتی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید